وارانسی 4/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) ہندو دہشت گردی پر مضمون لکھنے کی وجہ سے ہندوستان کے معروف ادا کار کمل ہاسن کے خلاف بالاخر کیس درج کرلیا گیا ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اترپردیش کے شہر وارانسی میں شکایت کی بنیاد پر یہ کیس آئی پی سی کی دفعات 500 ، 511 ، 298 ،295 اے اور 505 سی کے تحت درج کیا گیا ہے ، جس کی سماعت وارانسی کورٹ میں ہفتہ کوہوگی ۔
خیال رہے کہ کمل ہاسن نے ایک ہفت روزہ تمل میگزین میں اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ دائیں بازو نے اب اپنی طاقت کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دایاں بازو تشدد میں ملوث ہے اور ہندو کیمپوں میں دہشت گردی گھس چکی ہے۔ہاسن نے مزید لکھا ہے کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہندو دہشت گردی کا وجود نہیں ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ہندو شدت پسند پہلے بات چیت میں یقین رکھتے تھے لیکن اب وہ تشدد میں ملوث ہیں۔ کمل ہاسن نے اپنے مضمون میں فرقہ وارانہ تشدد سے نمٹنے کے معاملہ میں کیرالہ سرکار کی ستائش کی ہے۔